En

پاک چین ایگریکلچر کانفرنس،چینی سرمایہ کاروں کے لیے 10 شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع

By Staff Reporter | Gwadar Pro Jan 14, 2026

اسلام آباد (گوادر پرو) پاکستان نے چین کو اپنے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں، جس کا مقصد پاکستان–چین ایگریکلچر انویسٹمنٹ کانفرنس 2026 سے قبل سرمایہ کاری کے لیے تیار اور تجارتی طور پر قابل عمل منصوبوں کو ترجیح دینا ہے، بجائے اس کے کہ صرف پالیسی پر بات چیت ہو۔

وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ (ایم این ایف ایس آر) کے حکام کے مطابق کانفرنس  19 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگی، اسکا مقصد چینی سرمایہ کاروں کو دس ترجیحی زرعی شعبوں میں ٹھوس سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنا ہے، جو مضبوط ترقی کی صلاحیت، توسیع پذیری، اور چینی مارکیٹ کی طلب کے مطابق ہیں۔ ان شعبوں میں زرعی کیمیکلز اور کھاد و دیگر زرعی ضروریات، زرعی ٹیکنالوجی اور جدید زراعت کے حل، خوراک کی پروسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن، گوشت اور پولٹری انڈسٹری، ڈیری مصنوعات اور ڈیری کے اجزاء، پھل اور سبزیاں (پیداوار، کاشت، پروسیسنگ اور برآمدات)، جانوروں کے چارہ اور متعلقہ ویلیو چین، مچھلی اور ایکوی کلچر (پروسیسنگ سمیت)، کولڈ چین سسٹمز اور زرعی لاجسٹکس، اور فوڈ گریڈ پیکجنگ مواد و آلات شامل ہیں۔

کانفرنس سے قبل ایم این ایف ایس آر نے چینی سرمایہ کاروں کو ان ترجیحی شعبوں اور ان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار منصوبوں سے آگاہ کرنے کے لیے کئی آن لائن اورینٹیشن سیشنز منعقد کیے۔ یہ سیشنز پاکستان کے چین میں سفارتی مشنز کے تعاون سے منعقد کیے گئے تاکہ چینی زرعی کاروباری اداروں، کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی شراکت داری، اور تجارتی طور پر قابل عمل تجاویز سے روشناس کروایا جا سکے جو کانفرنس میں پیش کی جائیں گی۔

محکمہ کے حکام کے مطابق کانفرنس میں چینی سرمایہ کاروں کے لیے جدید کاشتکاری، ویلیو ایڈڈ زرعی کاروبار، پروسیسنگ، اسٹوریج، لاجسٹکس، اور ٹیکنالوجی پر مبنی زرعی سلوشن پر مشتمل سرمایہ کاری کے قابل منصوبوں کی ایک منظم فہرست پیش کی جائے گی۔ توجہ ایسے منصوبوں پر مرکوز ہے جن کے نفاذ کے واضح منصوبے موجود ہوں اور جو جلد عملی شکل اختیار کر سکیں۔

تیاری کے حصے کے طور پر ایم این ایف ایس آر نے پاکستانی نجی کمپنیوں کی جانب سے ایگریکلچر انویسٹمنٹ کے مخصوص پورٹل پر جمع کرائی گئی درجنوں تجاویز کا جائزہ لیا۔ اس جائزے میں تجارتی قابلیت، توسیع پذیری، ٹیکنالوجی کے انضمام، اور چینی کمپنیوں کے ساتھ ممکنہ مشترکہ منصوبوں کی اہلیت کا اندازہ لگایا گیا۔

حکام کے مطابق، شارٹ لسٹ کیے گئے منصوبے کانفرنس کے دوران ہدفی کاروباری ملاقاتوں کی بنیاد فراہم کریں گے تاکہ مفاہمت کی یادداشتیں، مشترکہ منصوبے، اور براہ راست سرمایہ کاری کی یقین دہانی کو فروغ دیا جا سکے۔

وزارت نے کہا کہ کانفرنس پاکستان کی وسیع تر حکمت عملی کی عکاسی  ہے جس کا مقصد زراعت کو چین کے ساتھ اقتصادی تعاون کے مرکزی ستون کے طور پر پیش کرنا ہے، سرمایہ کاروں کو منظم مواقع، حکومتی سہولت کاری، اور پاکستان کی بڑھتی ہوئی داخلی اور برآمدی مارکیٹ تک رسائی فراہم کرنا ہے۔

پاک چین ایگریکلچر انویسٹمنٹ کانفرنس 19 جنوری کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles