En

چین کے تعاون سے پاکستان میں پی اے آر سی کی تنظیمِ نو کا فیصلہ

By Staff Reporter | Gwadar Pro Nov 5, 2025

اسلام آباد(گوادر پرو)پاکستان نے چین کی وزارتِ زراعت و دیہی امور (ایم اے آر اے) اور چینی اکیڈمی آف ایگری کلچرل سائنسز (سی اے اے سی) کے تعاون سے تیار کردہ اسٹریٹیجک ریفارم اینڈ کوآپریشن پلان کے تحت پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل ( پی اے آر سی) کی بڑی تنظیمِ نو کا عمل شروع کر دیا ہے۔

اس منصوبے کا مقصد پی اے آر سی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، زرعی تحقیق کی صلاحیت کو مضبوط بنانا اور پاکستان کی غذائی تحفظ کی کوششوں کو عالمی سائنسی معیار سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اصلاحاتی فریم ورک میں  پی اے آر سی کو ایک جدت پر مبنی ادارے میں تبدیل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے تحت بڑے تحقیقی مراکز میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر یونٹس، قومی زرعی ٹیکنالوجی ٹرانسفر سینٹر اور علاقائی ڈیمونسٹریشن حبز قائم کیے جائیں گے۔ ان اقدامات کا مقصد کسانوں کی پیداوار میں اضافہ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا اور زرعی مصنوعات میں قدر میں اضافہ (ویلیو ایڈیشن) کرنا ہے۔

31 اکتوبر کو وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں چینی تعاون سے تیار کردہ اس تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ پی اے آر سی کے چیئرمین ڈاکٹر سید مرتضیٰ حسن اندرابی نے شرکاء کو ایم اے آر اے اور سی اے اے سی کی مشترکہ تحقیق سے آگاہ کیا، جس میں پی اے آر سی، نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر اور وابستہ اداروں کی کارکردگی اور صلاحیت کا جائزہ لیا گیا۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت ان سفارشات پر مکمل طور پر اور دیانت داری سے عمل درآمد کرے گی تاکہ پی اے آر سی کو زرعی ترقی کا مرکز بنایا جا سکے۔ انہوں نے عمل درآمد کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، جو اہداف اور احتساب کے نظام کے ساتھ اس منصوبے پر عملدرآمد کی نگرانی کرے گی۔

یہ اصلاحات چین پاک کمیونٹی کے باہمی مستقبل (2025–2029) کے تحت بنائے گئے ایکشن پلان کا حصہ ہیں، جو فصلوں کی کاشت، مویشیوں کی ترقی، بیجوں کی ٹیکنالوجی، ڈرِپ ایریگیشن اور زرعی مصنوعات کی پروسیسنگ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیتا ہے۔ پی اے آر سی کی تنظیمِ نو کو ٹیکنالوجی پر مبنی زرعی شراکت داری کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جو چین–پاکستان تعاون کے فریم ورک کو مزید مضبوط بنائے گا۔

  • comments
  • give_like
  • collection
Edit
More Articles