پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال میں پہلے بلڈ بینک کیمپ کا انعقاد
گوادر (گوادر پرو)چین کے تعاون سے چلنے والے پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال نے 22 جنوری کو بلڈ ٹرانسفیوژن سروسز کے ذریعے گوادر اور خطے کے دیگر حصوں میں خون کی طلب کو پورا کرنے کے لئے پہلا بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کیا۔
گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے)کی جانب سے افتتاح کیے جانے والے کیمپ میں خون عطیہ کرنے والے ہر فرد کو مفت بلڈ گروپنگ، اسکریننگ کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ عطیہ کردہ خون ہنگامی مریضوں کے ساتھ ساتھ تھیلیسیمیا اور کینسر میں مبتلا دیگر ضرورت مند افراد کو بھی جاری کیا جائے گا۔
اس موقع پر جی ڈی اے کے چیئرمین شفقت انور شاہوانی نے کریو فیوج مشین بھی آن کی۔
پی سی ایف ایچ کے سربراہ ڈاکٹر عفان نے جی ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلڈ کیمپ کا مقصد مریضوں کو بلا امتیاز خون کی فراہمی، بلڈ بینک میں رضاکارانہ خون کے عطیات کے ذریعے خون کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنا کر متبادل عطیات کے تصور کو کم سے کم کرنا، معاشرے کے مختلف طبقوں میں خون کے عطیات کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور حکومت کے عہدیداروں اور تعلیمی اداروں کے طلبا سمیت لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں ہمیشہ خون کو ترجیح دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لئے اس طرح کے خون کے عطیات کے کیمپ باقاعدگی سے منعقد کیے جانے چاہئیں۔
جی ڈی اے کے عہدیدار نے گوادر پرو کو بتایا کہ چونکہ ہر روز بہت سی خواتین حمل یا زچگی سے متعلق پیچیدگیوں کی وجہ سے مر جاتی ہیں ، زچگی کے دوران اور بچے کی پیدائش کے بعد شدید خون بہنا اموات ، بیماری اور طویل مدتی معذوری کی ایک بڑی وجہ ہے۔ پی سی ایف ایچ کے زیر اہتمام بلڈ کیمپ کا مقصد لوگوں کو محفوظ خون اور خون کی مصنوعات تک بروقت رسائی کی ضرورت کو سمجھانا ہے تاکہ زچگی کی اموات کو روکنے کے لئے ایک جامع نقطہ نظر کا حصہ بنایا جاسکے۔


